پاک فوج کے خلاف  پروپیگنڈا پاکستان کی اساس پر حملہ ہے؛ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان

15

کوئٹہ، 22 جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کے خلاف  پروپیگنڈا پاکستان کی اساس پر حملہ ہے،   بیرونی دشمن تب کامیاب ہوتا ہے جب گھر میں نقب لگ جائے، بلوچستان کے طلباء وطالبات کودرپیش مسائل سے وزیراعظم کوآگاہ کروں گا،  جس طرح بلوچستان کے بچے اپنا مستقبل بنانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جب یہ جوان کامیاب ہوں گے تو کامیابی اس کے خاندان، علاقے، صوبے اور پاکستان کی ہوگی۔

یہ بات انہوں نے پیر  کو بیوٹمز یونیورسٹی میں بلوچستان چمالنگ ایجوکیشن سکالر شپ پروگرام کے تحت منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔  اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، قومی ورثہ و کلچر ڈویژن کے ایڈوائزر کاشف ارشاد،پاکستان پاورٹی ایویلوایشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ ،بیوٹمز یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر عبدالرحمن اچکزئی بھی موجود تھے۔

 وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کوئٹہ کے دورے پر ہوں اور یہاں کے بچوں و بچیوں سے بات چیت ہو رہی ہے یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے کہ جس طرح بلوچستان کے بچے اپنا مستقبل بنانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جب یہ جوان کامیاب ہوں گے تو کامیابی اس کے خاندان، علاقے، صوبے اور پاکستان کی ہوگی ،چمالنگ ایجوکیشن سکالر شپ پروگرام پر پی پی اے ایف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا قیام وزیر اعظم شہباز شریف کا منصوبہ ہے جس سے وسائل سے محروم طلباء و طالبات کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تمام طلباء و طالبات اپلائی کرے انہیں میرٹ پر مواقع فراہم کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں 4 دانش سکولز بلوچستان میں بنائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کہاتھاکہ ایمان اتحاد تنظیم پاکستان کی تقدیر کا اصل راز ہے۔ ہر بچہ اپنے اندر نظم پیدا کرے اور محنت و ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھے۔ پاکستان آرمی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان علاقوں میں کام کیا جہاں کام کی ضرورت تھی۔ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن مواقع کی فراہمی کی دیر ہے۔ دانش سکولز کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف کر چکے ہیں۔ بچوں و بچیوں کی جو خواہش ہے ان کیلئے محنت کرے لیکن دنیا میں سب سے بڑا موقع سکلڈ لیبر کا ہے دنیا میں سب سے زیادہ ضرورت اس وقت نرسز کی ہے انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اضلاع کے بچوں سے مل رہا ہوں یہ واضح کر رہا ہوں کہ بلوچستان کے حالات بہترین ہوں گے کیونکہ آپ لوگ ہی  ہیں  جو اپنا راستہ بنا رہے ہیں۔ روزانہ خبریں سنتے ہیں کہ ہمارے فوجیوں کو شہید کیا گیا انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شام عراق مصر جیسا بنایا جائے پاکستان  کی  ضامن پاک فوج ہے ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ،یہ پاکستان کی اساس پر حملہ ہے بیرونی دشمن تب کامیاب ہوتا ہے جب گھر میں نقب لگ جائے۔ اندرونی دشمنوں کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے طلباء و طالبات کے مسائل معلوم کریں گے اور وزیر اعظم شہباز شریف کو ان مسائل سے آگاہ کروں گا۔ نیشنل یوتھ کونسل، نیشنل یوتھ کور بنا رہے ہیں نوجوانوں کو قرضے دے رہے ہیں۔ گزشتہ سال 11 فیصد بچیوں نے قرض لیا تھا کوشش ہے کہ اس کو 30 فیصد تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولز منصوبے کے تحت دانش بوائز و سکولز تعمیر کئے جائیں گے۔ 2017 میں پاکستان کی اکانومی دنیا کے 20 اکانومی بننے جا رہے تھے لیکن وقفہ آگیا نوجوانوں کو تعلیم حاصل کرنے کے بعد یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ کون صرف باتیں کرتا ہے اور کون کام کرتا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں مختلف شعبوں میں اپنے یوتھ کو سپورٹ کرنا ہے ہمارے بہت سے لوگ مالی حالات کمزور ہونے کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ پاتے، دیگر صوبوں اور سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے بہت سے طلباء پڑھنا چاہتے ہیں لیکن مالی حالات اجازت نہیں  دیتے  محدود وسائل میں رہتے ہوئے جو لوگ اپنا خواب پورا کرتے ہیں یقین مانیں بہت خوشی ہوتی ہے۔ نواز شریف جب وزیر اعظم تھے تو انہوں نے بلوچستان کے یوتھ کیلئے بہترین پروگرام شروع کئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی توجہ یوتھ رہی ہے، درمیان میں یہ پروگرامز بند ہوئیں تاہم اب دوبارہ ہماری حکومت ہے اور ہم انہی پروگرامز کو آگے بڑھائیں گے، سارے مسئلے حل نہیں کر سکتے البتہ وہ مسئلے حل ہو سکتے ہیں جو آگے بڑھنے کیلئے معاون ثابت ہوتی ہے۔

پاکستان پاورٹی ایویلیشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ نے کہا کہ پی پی اے ایف جس پروجیکٹ پر کام کررہی ہے اس کے کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ تعلیم کے شعبے میں ایک نیا انقلابی اقدام اٹھایا ہے اور بچوں کو تعلیم کے مواقع 2007 سے فراہم کررہے ہیں اس منصوبے کا آوٹ کم بڑا اچھا رہا ہے یہی طلباء آج ڈاکٹرز، انجینئرز اور سول سروس سمیت مختلف شعبوں میں اپنا نام کررہے ہیں بلوچستان کے بچے کسی سے پیچھے نہیں ہے، پی پی اے ایف حکومت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں کام کررہی ہے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی پر بھی کام کررہے ہیں۔ چمالنگ ایجوکیشن سکالر شپ پروگرام کو آگے بھی جاری رکھیں گے۔