پشاور،28 جولائی (اے پی پی ): پشاور کے شعراء نے شہدائے کربلا کی یاد میں محفل مسالمہ کا انعقاد کیا اور نواسہ رسولﷺ کو اپنے اشعار میں خراج عقیدت پیش کیا۔
خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران پشاور میں منعقدہ محفل مسالمہ کی تقریب میں نامور شعراء کاروان حوا ادبی فورم کی چیئرپرسن بشری فرح، پروفیسر ڈاکٹر نذیر تبسم، کالم نگار مشتاق شباب اور دیگر شعراء نے نواسہ رسول ﷺ سمیت شہدائے کربلا کی شجاعت، بہادری اور بے مثال قربانیوں کو تفصیل سے بیان کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ،ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران پشاور ڈاکٹر حسین چاقمی، نے تقریب میں آمد پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور واقعہ کربلا کے حوالے سے اپنے اشعار پیش کئے۔