پشاور، 25جولائی (اے پی پی): چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمبولینس، فائر ویکل، ڈیزاسٹر ویکل، میڈیکل اور فائر موٹر سائیکل سمیت دیگر آپریشنل آلات کا معائنہ کیا۔
چیف سیکرٹری نے ریسکیو سٹیشن میں موجود میڈیکل اور فائر موٹر سائیکلز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ بعد ازاں، انہوں نے ریسکیو ہیڈ کوارٹر میں قائم پراونشل کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 نے اب تک تقریباً 12 لاکھ ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے ریسکیو سروسز کی تفصیلات اور ان کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ریسکیو 1122 کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ عوام الناس کو دن رات خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریسکیو 1122 کو جدید ترین آپریشنل آلات سے لیس کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے احکامات پر ہیلی کو ایمبولینس بنانے کے لیے طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔
چیف سیکرٹری نے اعلان کیا کہ ریسکیو 1122 کے لیے مزید میڈیکل بائیکس فراہم کی جائیں گی اور بلند عمارتوں تک رسائی کے لیے سنارکلز بھی دی جائیں گی۔چیف سیکرٹری نے یقین دلایا کہ ریسکیو 1122 کے تمام جائز مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔