پشاور، 17جولائی(اے پی پی): پشاور میں یوم عاشور، عقیدت مندوں کیجانب سے بھرپور احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں سے 12 جلوس ذوالجناح برآمد ہوئے ہیں۔
یوم عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوا جبکہ یوم عاشور کا دوسرا جلوس امام بارگاہ علمدار کربلا سے برآمد ہوا جو کوہاٹی گیٹ سے ہوتے ہوئے اپنے روایتی راستوں سے گزرے گا۔جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے جبکہ صوبے کے دیگر شہروں سے بھی افراد اس جلوس میں شامل ہیں، جہاں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کرکے کربلاکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ عزاداروں کیلئے جلوس کی گذرگاہوں میں سبیل حسین اور نیاز حسین کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جنھوں نے شہر کے اندرونی راستے سیل کردئیے ہیں۔ شہر کے داخلی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی کی گئی ہے جبکہ جلوس کے مقررہ راستوں پر بم ڈسپوزل اسکوڈ کے اہلکار بھی موجود ہیں۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے جلوس کے لئے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر شہر میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے۔