پنجاب حکومت نے حالیہ بجٹ میں پہلی بار اقلیتوں کےفنڈز میں 200 فیصد اضافہ کیا ہے،صوبائی وزیر سردار رامیش سنگھ

12

ملتان،22 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر سردار رامیش سنگھ اروڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے خواب “اقلیت دوست پنجاب” کی تعبیر کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں ، پنجاب حکومت نے حالیہ بجٹ میں پہلی بار اقلیتوں کےفنڈز میں 200 فیصد اضافہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سردار رامیش سنگھ اروڑا نے رضا آباد کے مقامی پوئمہ چرچ میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پانچ فیصد نوکریوں اور 2فیصد یونیورسٹیوں میں اقلیتوں کا کوٹہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اقلیتوں کے لئے ڈویلپمنٹ فنڈ میں بھی خطیر رقم رکھی گٸی ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے کرسمس، ایسٹر، ہولی اور دیوالی پر خصوصی گرانٹ کا اجراء کیا جا رہا ہے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے رواداری اور محبتوں کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہندو، سکھ اور عیسائی کمیونٹی سمیت تمام مذاہب کو اپنی عبادات اور تہوار منانے کے لئے پرامن ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

 تقریب میں پاسٹر انسب جان، پاسٹر شوکت عاشق، پاسٹر ثمر شکیل اور مبشر خاور گل بھی موجود تھے۔