پیپلز پارٹی کو گلی گلی محلے محلے دوبارہ زندہ کرکے شہید محترمہ کا مشن مکمل کریں گے؛گورنرپنجاب

13

فیصل آباد ،31 جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اپنا منصب سنبھالنے کے بعدبدھ کواپنے پہلے دورہ پر فیصل آباد پہنچے جہاں جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضیٰ شاہ،ڈویژنل صدرسید عنائت شاہ،نائب صدر پی پی پی سینٹرل پنجاب چوہدری ارشد جٹ،پاکستان پیپلز پارٹی کی فیصل آباد کی ڈویژنل، ضلعی، سٹی و مقامی قیادت اور جیالوں کی بڑی تعداد نے کمال پور انٹر چینج پران کا پر تپاک اور فقیدالمثال استقبال کیا۔

اس موقع پر فضاپاکستان پیپلز پارٹی اور جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھی۔ سردار سلیم حیدر خاں نے گورنرپنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے فیصل آباد کے پہلے دورہ میں چوہدری ارشد جٹ کے ڈیرے پر پارٹی جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری،نوجوان قائدبلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپورکے مشکور ہیں جنہوں نے انہیں ڈسٹرکٹ اٹک سے گورنر پنجاب کے عہدے پر بٹھایا۔انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اس اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عہدہ گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر انجوائے کرنے کیلئے نہیں ہے بلکہ وہ اسلئے گورنربنے ہیں کہ وہ پنجاب بھر میں جائیں،عوام کی بات سنیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے غریب عوام کیلئے ہر وقت کھلے ہیں جہاں اب بھٹو کا سپاہی ایک عوامی خادم اپنے عوام کی حقیقی خدمت کیلئے بیٹھا ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وہ ہر آنے والے کو اپنے دل سے لگائیں گے اور اس کی داد رسی کرنے کی تمام ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت پی پی پی کا مشن اور شہید محترمہ کی آرزو تھی جبکہ یہ شہیدوں اورغریبوں کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے اور اس مقصد کیلئے وہ سب کویقین دلاتے ہیں کہ وہ24 گھنٹوں میں سے 18 گھنٹے کام اور دن رات اپنی پارٹی، اپنے صوبے اور پاکستان کیلئے جدو جہد کریں گے۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ آپ لوگ بھی اب تگڑے ہو جائیں،آپکے مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دوں گااورانتظامیہ آپکی عزت بھی کرے گی اور آپکے کام بھی کرے گی۔

 گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آپ تگڑے ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور شہیدوں کی پارٹی کو مضبوط بنائیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں یاد ہے کہ2008 کے عام انتخابات میں فیصل آباد سے پی پی پی  قومی اسمبلی کی 6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئی تھی مگر اسکے بعد متعدد وجوہات کی بنا پر پارٹی کمزور ہوئی لیکن اب پھر سے ہم نے 2008 سے ٹوٹا ہوا سفر دوبارہ شروع کرنا اور پیپلز پارٹی کو گلی گلی محلے محلے دوبارہ زندہ کرتے ہوئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے بیٹے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے آپکے لیے ہمیشہ کھلے ہیں جبکہ ہم ہر لمحہ آپکے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ وہ ہر ضلع میں جائیں گے اور پی پی پی کی مضبوطی کیلئے کام کریں گے۔

 قبل ازیں چوہدری ارشد جٹ نے معزز مہمان اور پارٹی کے جیالوں کو خوش آمدید کہا۔