اسلام آباد،09 جولائی(اے پی پی):آزادجموں و کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل آزادجموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
اسلامی نظریاتی کونسل آزادجموں و کشمیر کے ارکان مفتی سید کفایت حسین نقوی،مولانا سعید یوسف خان سیکرٹری حافظ رحمت اللہ تصور کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے ۔
چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ نے اس موقع پر کہا کہ قرآن مجید ایک مکمل ضابطہ حیات ہے،رسول پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حیات مبارکہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے،ہمیں اس بات پر غور کرنا ہے کہ مسلم ممالک ایک بڑی تعداد کے باوجود دنیا میں اہمیت کے حامل کیوں نہیں ہیں،اسلامی نظریاتی کونسل کو غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی پاکستان و امت کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق ملنا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام کو جمعہ اور عید کے خطبات میں اتحاد و اتفاق پر زور دینا چاہیے،علماء کرام کو بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کےلیے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے،محرم کا آغاز ہو چکا ہے،ہم نواسہ رسولؐ اور ان کے اہل بیت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر سپریم کورٹ ،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے دورے سے دونوں اداروں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور تحقیق کے شعبے کو فروغ ملے گا،دونوں اداروں کے درمیان ریسرچ کے شعبوں میں رابطہ کاری سے کئی معاملات حل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کونسل کا کام آئین و قانون کو شریعت کے مطابق بنانے کیلیے سفارشات مرتب کرنا ہے، کونسل دو طرح سے کام کر رہی ہے ریاست کے لیے یہ مفتی کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ دوسرا کام اجتہادی ہے، کونسل معاشرے میں بہتری لانے کے لیے بھی کام کرتی ہے۔