اسلام آباد،31جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ چینی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میں ‘شی پاور’ منصوبے کا آغاز لائق تحسین ہے،منصوبہ پاکستان اور چین کی مضبوط بنیادوں پر استوار دوستی کی ایک اور زندہ مثال ہے۔
بدھ کو یہاں چینی سفارتخانے میں بلوچستان کی خواتین کی صحت عامہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکولوں کی بچیوں میں 20 ہزار ہیلتھ کٹس کی تقسیم سے نہ صرف صحت سے جڑے امور سے واقفیت بڑھے گی بلکہ یہ بچیوں کی پرورش میں بھی معاون ثابت ہو گی۔صحت مند اور تعلیم یافتہ خواتین خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بطور سپیکر میں نے ہمیشہ خواتین اور بچوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے قانون سازی کے ساتھ پارلیمانی ویمن کاکس، ایس ڈی جیز ٹاسک فورس ، پارلیمانی کمیٹی برائے جینڈر مینسٹریمنگ کا قیام عمل میں لائے۔پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔چین کی پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں توسیع خوش آئند ہے۔
سپیکر نے کہا کہ پاکستان اس دوستی کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے۔پاکستان اور چین نے ہمیشہ دنیا میں امن کے فروغ کی بات کی ہے۔ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کا حل ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہا ہے،پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے، بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے چین کا تعاون لائق تحسین ہے۔
چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے تقریب میں شمولیت پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ۔