چین اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کا رشتہ مضبوط اور مستحکم ہے؛ سفیر جیانگ زیڈونگ

17

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کا رشتہ  مضبوط اور مستحکم ہے ، دونوں ممالک امن اور ترقی کے خواہاں ہیں، ہمیں امن اور ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

بدھ کو  سی پیک پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں امن اور ترقی کا خواہاں ہے،  گوادر کی بندرگاہ  اور خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو سی پیک کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے، اقتصادی راہداری کے ذریعے تمام ممالک سرمایہ کاری کر سکتے ہیں

جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ عالمی سطح پر انصاف کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، چین دنیا کے جنوبی علاقوں کا رکن ملک ہے، دنیا کے جنوبی خطے میں واقع ممالک عالمی معاملات میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور  حالیہ چند سالوں میں دنیا کے جنوبی ممالک معاشی ترقی کی علامت بن کر ابھرے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ  چین کے صدر شی نے دنیا کے جنوبی ممالک کی ترقی کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں  اور جنوبی ممالک میں ترقی کے عمل کو فروغ دینے کے لئے فورم مہیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں ہونے والی مفاہمتی یادداشتوں  کو آگے بڑھایا جائے گا،  اور دونوں ممالک کے مابین  گرین انرجی، تیل و گیس کی تلاش اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔