چین کی جانب سے پاکستان کی ترقی کے لیئے ادا کیا گیا کردار لائق ستائش ہے؛ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

12

اسلام آباد ،12 جولائی (اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا  فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ  چین کی جانب سے پاکستان کی ترقی کے لیئے ادا کیا گیا کردار لائق ستائش ہے، سی پیک روٹ کو ڈیرہ اسماعیل خان سے آگے بلوچستان تک بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانہ  کے  دورہ کے موقع پر چین کے سفیر جیانگ ذائیڈونگ  سے ملاقات میں کیا۔ چین کے سفیر جیانگ ذائیڈونگ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو سفارتخانہ آمد پر خوش آمدید کہا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے  کہا کہ سی پیک کے قریب نیو اکنامک  زون قائم کیا جائے  اس سے خطہ میں تجارت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی 34 یونیورسٹیاں چینی زبان کے سکھانے کے لیئے اپنی خدمات دینے کو تیار ہیں ۔ گورنر خیبرپختونخوا نے  مطالبہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع کے بچوں کو سکالر شپ دیئے جائیں ۔

اس موقع پر چینی سفیر جیانگ ذائیڈونگ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور چین کی حکمران جماعت کا گہرا رشتہ ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی نے آپ جیسے نوجوان اور متحرک شخص کو گورنر کی اہم آئینی زمہ داری سونپی  ہے ۔ چینی سفیر نے   کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ چین بڑا کامیاب رہا اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے قریب نیو اکنامک زون کے لیئے وزارت منصوبہ بندی کو کہا جائے کہ وہ منصوبہ تیار کرکے بھجوائے۔