ڈیرہ اسماعیل خان کی قدیم نیاز،گھو گے پھیلیاں کی نیاز

11

ڈیرہ اسماعیل خان،15 جولائی (اے پی پی):ماہ محرم الحرام جہاں اور بہت ساری روایات کا امین ہے وہیں اس مہینے میں لنگر، نذر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی محرم الحرام بطور نذر و نیاز اور لنگر حسینی میں بہت ساری چیزیں بانٹنے کا رواج عام ہے۔ مگر ان نیازوں میں ایک قدیمی نیاز گھوگھے ڈولے یعنی گھو گے پھیلیاں کی نیاز کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ گھوگھے ڈولے کی قدیمی نیاز کیا ہے اور اس نیاز کی روایت پاکستان کے کچھ شہروں میں برقرار ہے۔

دنیا بھر میں نواسہ رسول اور شہدائے کربلا کی یاد میں محرم الحرام میں مجالس، جلوسوں کے ساتھ جگہ جگہ لنگر اور نیاز کی تقسیم کا سلسلہ بھی شروع رہتا ہے یہ سلسلہ اتنا ہی قدیم ہے جتنا قدیم مجالس اور جلوس کا اہتمام ہے۔ سیدالشہدا کربلا کی یاد میں کئی سو سال سے جاری لنگر،  نذر و نیاز کے اس سلسلے میں ہر مکتب فکر کے لوگ بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے ہیں۔ یوں تو محرم الحرام میں بطور لنگر،  نذر و نیاز میں بہت ساری چیزیں بانٹنے کا رواج عام ہے۔ جن میں بریانی، نان حلیم، چکن قورمہ، مٹن، دال روٹی۔ چائے اور حلوے کی دیگیں، کھیرمکس، پھل فورٹ سمیت جا بجا پانی، مشروبات اور دودھ کی سبیلیں لگانا عام ہے۔  مگر ان نیازوں میں ایک انتہائی قدیمی  نیاز گھوگھے ڈولے کی نیاز کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

گھوگھے ڈولے نیاز کربلا کے سب سے چھوٹے شہید ننھے علی اصغرؑ سے منسوب ہے۔ گھوگھے ڈولے یا گھو گے پھیلیاں بنیادی طور پر سرائیکی زبان کا لفظ ہے۔ گھوگھے ڈولے مٹی کے بنے ہوتے ہیں جن میں ایک گھڑے کی شکل نما برتن جس کو گھوگا اور ایک مٹی کی چھوٹی سی پلٹ ہوتی ہے جس کو پھیلی کہا جاتا ہے۔ ان  گھوگے پھیلیاں کو نیاز سے ایک روز قبل صاف ٹھنڈے پانی میں رکھا جاتا ہے تاکہ مٹی کے یہ چھوٹے برتن مضبوط ہو جائے بعد میں گھڑے نما گھوگھے میں ٹھنڈا شربت ملا دودھ  ڈالا جاتا ہے جبکہ چھوٹی پلٹ جس کو پھیلی کہا جاتا ہے اس میں خشک میوہ جیسے بادام، چھوہارے اور رنگ برنگے میٹھے چاول، کھیر، کسٹرڈ ڈال کر معصوم بچوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

 گھوگھے ڈولے کی یہ قدیمی نیاز صرف پاکستان کے سرائیکی علاقوں میں کی جاتی ہے جن میں ملتان، بھکر، دریاخان اور بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہے۔ چونکہ یہ نیاز کربلا کے سب سے چھوٹے شہید ننھے علی اصغرؑ سے منسوب ہے اس لئے اس نیاز کا اہتمام صرف خواتین اپنے گھروں میں کرتی ہیں اور معصوم بچوں میں یہ نیاز تقسیم کی جاتی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں  گھوگھے ڈولے کی قدیمی نیاز 8 اور 9 محرم کو صرف معصوم بچوں میں تقسیم کی جاتی ہے۔  معصوم بچے اس نیاز کی تقسم پر بہت خوش ہوتے ہیں بچے خود گھگے بھر بھر کے پیتے بھی اور پلاتے بھی ہیں اور بعد میں انکے چھوٹے چھوٹے برتنوں کے ساتھ کھلونوں کی طرح کھیلتے ہیں۔