ڈیرہ غازی خان، 01 جولائی(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل ہیں۔
یہ بات انہوں نے ڈیرہ غازی خان کےدورے کے دوران کی۔انہوں نے قائم مقام ڈپٹی کمشنر نعمان فاروق تارڑ اور دیگر افسران کے ہمراہ ممکنہ سیلاب کے حوالے سے حساس مقامات،رود کوہیوں کے راستوں کا جائزہ لیا اور مقامی سطح پر قائم فلڈ کمیٹی کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر اے سی صدر تیمور عثمان، ڈائریکٹر ساؤتھ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشن عرفان خان و دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وڈور رود کوہی کے چینلز، فلڈ ریلیف کیمپس کےلئے مجوزہ عمارتوں اور ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر اقدامات کا جائزہ لینے کے علاوہ وڈور نالہ،کچھی کینال ،ڈی جی کینال اور دیگر رود کوہی کا دورہ کرتے ہوئے ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کے حوالے سے بھی بریفنگ لی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان کی حساس ساتوں رود کوہیوں پر سیلابی پانی کی دریا تک محفوظ رسائی کےلئے پیشگی انتظامات جلد مکمل کئے جائیں اور بوائز ہائی سکول بندو آنی کے مجوزہ فلڈ ریلیف کیمپ میں انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے پٹواری،نمبردار، نمائندہ یونین کونسل اور امام مسجد اور دیگر مقامی افراد پر مشتمل فلڈ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئےسیلاب کے دوران امداد اور دیگر امور سے متعلق آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ فلڈ کمیٹی عوام کو وزیر اعلیٰ کا پیغام پہنچائیں گی ،سیلاب کی صورتحال میں اپنی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا۔ہنگامی صورتحال میں آپ لوگوں نے گھروں سے نکلنا ہے اور انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے ۔حکومت پنجاب آپ اور آپ کے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔