ڈیرہ غازی خان،13 جولائی(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان کے سیلابی علاقوں میں پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور عوام اور ان کے مال مویشی سمیت دیگر سامان محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع ڈی جی خان کی ریونیو حدود میں تھانہ گدائی کے علاقوں جٹ ڈگر،پائیگاں،تھانہ چوٹی کے علاقوں جٹ سرگانی،چاہ جھلدرای،معموری جبکہ تھانہ سٹی تونسہ میں بیٹ جھٹ لغاری میں آنے والے سیلاب کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی تعمیل میں ڈی پی او سید علی نے 2 سو کے قریب پولیس اہلکاروں کو سول انتظامیہ کے ساتھ عوام کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے تعینات کر دیا ہے، متعلقہ ڈی ایس پیز اس عمل کی نگرانی جبکہ ڈی پی او مکمل مانیٹرنگ کریں گے۔
اس حوالے سے ڈی پی او سید علی نے کہا کہ پولیس عوام کی خادم ہے اور مشکل وقت میں پولیس عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ہیں اور ضلع بھر کی پولیسں کے تمام آفیسرز اور اہلکار محرم الحرام کی سیکورٹی ڈیوٹی اور فلڈ ڈیوٹی میں مصروف ہیں جن کی کارکردگی کو جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔