ڈیرہ غازی خان،15 جولائی ی(اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کے احکامات پر نویں اور دسویں محرم الحرام پر ریجن کے تمام اضلاع میں سکیورٹی ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔ آر پی او کے احکامات کی روشنی میں ریجن کے چاروں اضلاع میں نویں اور دسویں محرم الحرام کے پروگرامز کی سیکورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی۔ نویں اوردسویں محرم الحرام کے دوران چاروں اضلاع میں عزاداری کے 658روائتی و لائسنسی جلوس اور 1229 مجالس منعقد ہوں گی جن کی سیکورٹی کےلیے31 ڈی ایس پی، 475 انسپکٹر، سب انسپکٹرزسمیت 10ہزارسے زائد پولیس افسران و اہلکاران سیکورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔پولیس کے علاوہ امن و امان کے قیام کے لیئے پاک آر می اور رینجرز کے دستے بھی تعینات کیئے گئے ہیں ۔اس کے علاو ہ ایلیٹ فورس اور کوئیک رسپانس کی ٹیموں کے ہمراہ 400 سے زائد پنجاب کانسٹیبلری اور 2722 ولنٹیئرز بھی سکیورٹی کے فرائض میں معاونت کریں گے۔ 14 واک تھرو گیٹ اور 1234 میٹل ڈیٹکٹر کے ذریعے تلاشی اور 484 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی جاری ہے۔ آر پی او نے نویں اور دسویں محرم الحرا م کو چاروں اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی سربراہان کو ہدایت جاری کیں کہ جاری کردہ سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے تمام اضلاع میں سیکورٹی انتہائی ریڈ الرٹ رکھا جائے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران خود موقع پر موجود رہ کر جاری کردہ سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کرائیں ۔ سپروائزری افسرا ن ڈیوٹی سے قبل ڈیوٹی پر تعینات افسران کوڈیوٹی کی نوعیت اور حساسیت سے متعلق مکمل طور پر بریف کریں ۔اس موقع پر آر پی او کا کہنا تھاکہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے تمام پروگرامز کی سکیورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے حساس مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی اور ڈراؤن کیمروں کے ذریعے سے نگرانی کی جارہی ہے۔ مجالس اور جلوسوں کے روٹ پر آنے والی عمارتوں پر سنائیپرز تعینات کیئے گئے ہیں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو عمارت کی چھت پر یا کھڑکی میں کھڑا ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔
جلوس کے روٹس میں آنے والے گلیوں اور سٹرکوں کو بذریعہ خادر تار اور بیریئر بندکردیا گیاہے ۔ ریجنل کنٹرول روم سے مجالس و جلوسوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے ۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، اسلحہ کی نمائش اوردیگر قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں عمل میں لائی جائے گی۔جملہ اضلاع میں تمام مکاتب فکر کے درمیان اتحاد و وحدت ،بین المذاہب اور بین المسالک قابل رشک ہم آہنگی موجود ہے، چاروں اضلاع کی امن کمیٹیوں کے ارکان پوری فعالیت کے ساتھ پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کر رہے ہیں۔ تمام مکاتب فکر کے تعاون سے محرم الحرام کا پرامن انعقاد کریں گے۔