کراچی،24 جولائی (اے پی پی):ممبر انچارج وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کراچی نوید احمد شیخ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے مناسب انتظامات اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔
وفاقی محتسب کی ہدایت پر نوید احمد شیخ نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کراچی کے ایسوسی ایٹ ایڈوائزر ریاض میمن کے ہمراہ بدھ کو ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے کراچی کینٹ ریلوے سٹیشن پر صفائی کی کمی اور مسافروں کو درپیش دیگر مسائل کے حوالے سے میڈیا رپورٹ کا نوٹس لیا۔ انچارج ممبر نے ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم، ویٹنگ رومز اور ریزرویشن کائونٹرز سمیت مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں موجود مسافروں سے بھی بات چیت کی اور پاکستان ریلوے کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
نوید احمد شیخ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹیشن پر صفائی کا عمل جاری ہے لیکن مجموعی طور پر صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے اور انتظامات ناکافی ہیں۔ ڈی ایس پاکستان ریلوے نے بتایا کہ انہیں سٹیشن پر کام کیلئے سینٹری سٹاف کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے کیونکہ سٹیشن پر آنے والی ٹرینوں کی وجہ سے کوڑا کرکٹ میں بھی ا ضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام نے بتایا کہ صفائی کے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں، صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
نوید شیخ نے کہا کہ ریلوے سٹیشن کے دورے کے دوران واک تھرو گیٹس اور سکیورٹی کے لیے لگائے گئے اسکینر غیرفعال پائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محتسب سیکرٹریٹ اس حوالے سے مشاہدات اور سفارشات متعلقہ وزارت کو بھجوائے گا تاکہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔ریلوے اسٹیشن پر ویٹنگ ہالز کی حالت بظاہر بہتر تھی اور صفائی کے انتظامات کو دیکھا گیاتاہم انہوں نے مسافروں کی سہولت کے لیے مستقل بنیادوں پر دیکھ بھال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز اور انسانی وسائل کی دستیابی سمیت دیگر درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی جائے گی اور تمام صورتحال سے وفاقی حکومت کو سفارشات کے ساتھ آگاہ کیا جائے گا تاکہ اس سلسلے میں ضروری کارروائی کی جا سکے۔
ممبر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے عام لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ ریلوے ٹریک یا پلیٹ فارم پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں اور کچرے کو ڈسٹ بن میں ڈالیں۔ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس)کراچی محمد ناصر خلیلی نے اس موقع پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کو پینے کا پانی اور دیگر سہولیات فراہم کر رہا ہے، ریلوے اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے انتظامات اور نگرانی کا نظام موجود ہے اور مختلف عمارتوں کی نگرانی کے لیے 19 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ ریلوے پولیس بھی چوکس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں کے ساتھ وسیع و عریض احاطے ہیں اور پورے احاطے کی مکمل نگرانی کو یقینی بنانا مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے حکام حفاظتی انتظامات کو تیز کرنے کے لیے مزید اقدامات کر رہے ہیں، نئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں جبکہ نئے واک تھرو گیٹس اور سکینرز کی خریداری کا عمل جاری ہے۔