سیالکوٹ۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انٹر ڈسٹرکٹ کپ سیالکوٹ 2024 کےفائنل میچ میں جیگوار کرکٹ کلب کو جیتنے پر مبارکباد پیش کی، اور فائنل میچ کھیلنے والےکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ کپ سیالکوٹ 2024 جو کہ جیگوار کرکٹ کلب اور اتحاد کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا جس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے جو کہ ہاکی کے بعد قومی کھیل کی حیثیت اختیار کرگیاہے،کرکٹ کے فروغ میں سیالکوٹ شہر کا بہت اہم کردار رہا ہے، سیالکوٹ میں اس وقت بھی کرکٹ مختلف گراونڈ میں جوش و خروش سے کھیلی جا رہی ہے۔ وزیر دفاع نے سیالکوٹ میں مختلف گراؤنڈز کو اپ گریڈ کرنے اور تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ سیالکوٹ میں کھیل کے ایسے میدان بنائے جائیں گے اور جو پہلے سے موجود ہیں ان کو ایسی سہولیات فراہم کی جائیں گی جہاں کھلاڑی اپنی مہارت(سکلز)،پریکٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھال سکیں اور ان کھیل کے میدانوں میں مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جا سکے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ میں حکومت پنجاب سے ذاتی حیثیت میں درخواست کروں گا کہ سیالکوٹ میں ایک ایسی کرکٹ اکیڈمی بنائی جائے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو اور جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہترین کھلاڑی مل سکیں جو آئندہ ملک کا نام روشن کریں۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ اور ٹورنامنٹ انتظامیہ کو کامیاب ٹورنامنٹ کروانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس قسم کے ٹورنامنٹ نوجوان نسل کے لیے بہت ضروری ہیں جو ہماری نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھتی ہے۔
پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ کپ سیالکوٹ 2024 کے فائنل میچ میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ ملک فیصل خورشید،سابقہ ممبر گورننگ باڈی پی سی بی ملک ذوالفقار، معروف تاجر خواجہ حسن فارورڈ سپورٹس سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم جیگوار کرکٹ کلب کو وننگ ٹرافی پیش کی۔