کمشنر سرگودھا نے میونسپل کارپوریشن کے نئے مالی سال2024-25 کے بجٹ کی منظوری دے دی

20

سرگودھا، 10جولائی(اے پی پی):کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی نے میونسپل کارپوریشن کے مالی سال 2024-25کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، بجٹ کا کل تخمینہ 2 ارب 2 کروڑ 10 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

بجٹ اجلاس بدھ کے روز کمشنر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔بجٹ میں تنخواہوں کی مد میں 91 کروڑ 54 لاکھ روپے، پیشن کی مد میں 33 کروڑ 50 لاکھ روپے، سرکاری ادائیگیوں کے لیے 2 کروڑ 45 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔  نئے ترقیاتی پروگرام کے لیے 4 کروڑ روپے، جاری ترقیاتی کاموں کے لیے 6 کروڑ 12 لاکھ روپے، سالڈ ویسٹ گرانٹ کی مد میں 7  کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ سٹریٹ لائٹس تنصیب کی جاری سکیم کیلئے 2 کروڑ 34 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  کمشنر نے اندرون بلاکوں میں صفائی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضروری چھوٹی مشینری و گاڑیوں کی خریداری کے لیے سفارشات بھی طلب کرلی۔ انہوں نے ایم سی کی خراب مشینری کو بھی ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کروانے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے میونسپل افسران کی رہائشیوں کی تعمیر، نقشہ برانچ کی نئی جگہ منتقلی کی سفارش تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا بلڈنگ لاز کی خلاف کرنے والے گھروں کے مالکان کے خلاف عاشورہ کے بعد بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر نے بلڈنگ انسپکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کا سروے کرکے ایسے مکانات جن کے باہر غیر قانونی ریمپ، تھڑے اور گیراج وغیرہ تعمیر کیے گئے ہیں ان کو پہلے مرحلے میں نوٹسز جاری کریں کہ وہ از خود غیر قانونی تعمیرات ختم کر دیں،بصورت دیگر عاشورہ کے بعد ایم سی کا عملہ نہ صرف گرانے گا بلکہ مالک کو تین سال قید و ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

 اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا کہ ایسے خالی پلاٹس جو کوڑا کرکٹ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں ان کے مالکان کو بھی نوٹسز جاری کیے جائیں گے کہ وہ اپنے پلاٹوں کی چار دیواری کروالیں بصورت دیگر ان کی رجسڑیاں منسوخ کر دی جائیں گئیں۔

کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد اجمل بھٹی نے مالی سال 2023-24 میں مقرر کردہ ٹارگٹ 25 کروڑ کے برعکس 28 کروڑ روپے کی ریکوری کرنے پر ایم او پلاننگ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ اجلاس میں ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

اجلاس میں سی او طارق پرویا، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور ایم او فنانس راؤ نعیم انجم سمیت دیگر میونسپل افسران نے شرکت کی۔