کوئٹہ، 25 جولائی (اے پی پی):ایس پی آپریشنز قائد آباد ڈویژن شفیق الرحمن شاہوانی نے کہا ہے کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری و مفرور سمیت 100 ملزمان کو گرفتار کرکے 19 موٹر سائیکلز، 2 گاڑیاں، 33 کلو گرام چرس اور 2 لاکھ سے زائد کی رقم برآمد کر لی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس تھانہ انڈسٹریل میں ڈی ایس پی گوالمنڈی اسحاق چنگیزی، ڈی ایس پی پشتون آباد مقصود احمد لغاری اور گوالمنڈی، قائد آباد، پشتون آباد اور انڈسٹریل پولیس تھانوں کے ایس ایچ اوز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شفیق الرحمن شاہوانی نے کہا کہ پولیس اپنے کام کےلئے پر عزم ہے ،ہم اپنے محدود وسائل میں کام کررہے ہیں، عوام کو خدشہ ہے کہ پولیس کام نہیں کرتی تاہم آج کی پریس کانفرنس میں ہم عوام کے سامنے پولیس کی کارکردگی رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاروں پولیس تھانوں کی حدود میں کرائم کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، منگچر میں چھاپے کے دوران کوئٹہ سے چوری شدہ موٹر سائیکلز برآمد کرلی۔ اشتہاری و مفرور ملزمان کے خلاف کارروائی میں ایک ماہ کے دوران 21 اشتہاری و 28 مفرور ملزمان گرفتار کر کے 2 گاڑیاں برآمد کیں ۔ ان مفرور و اشتہاری ملزمان کو ٹریس کرنے سے دیگر جرائم پیشہ افراد کو گرفتاری میں مدد مل رہی ہے، ڈھاڈر سے تعلق رکھنے والا وحید کوئٹہ میں چوری کرتا تھا ،اس کوگرفتار کرکے پسٹل برآمد کرلی۔ انڈسٹریل تھانے کی حدود میں جوے کے اڈوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جرائم کے خلاف بلا تفریق کارروائی کررہے ہیں۔
ایس پی آپریشنز قائد آباد ڈویژن شفیق الرحمن شاہوانی نے کہا کہ انڈسٹریل تھانے کی حدود میں 15 پسٹل، ایک کلاشنکوف، 113 کارتوس وغیرہ برآمد کرلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم میں ملوث افراد کا لنک منشیات فروشوں سے بتائے جا رہے ہیں،یہ کوئٹہ پولیس کی کامیاب کارروائی ہے ،ایک گینگ جو آئس و ایچ ٹی سی کی خرید و فروخت میں ملوث گینگ پکڑا ہے ان کاجوڈیشل ٹرائل مکمل ہونے کے قریب ہے، کرایہ داری ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج کیے گئے جن کے تحت 10 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔
شفیق الرحمن شاہوانی نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی میں 27 گاڑیاں 78 موٹر سائیکلز کو 550 ض ف کے تحت قبضہ میں لے لیں۔ فحاشی کی سرگرمیوں میں ملوث 10 مرد و خواتین کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کرائمز کی نشاندھی کریں گے انہیں بھرپور تحفظ حاصل ہوگا۔ آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بنایا ہے جس سے مختلف مواقعوں پر بہترین مدد مل رہی ہے، قائد آباد ڈویژن میں آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم سے 3 شکایات موصول ہوئی جن میں دو حل ہو گئیں ایک پر کام جاری ہے۔