کوئٹہ؛ ساتویں محرم الحرام کا جلوس انتہائی عقیدت اور احترام سے نکالا گیا، سیکورٹی کی سخت انتظامات

13

کوئٹہ،14جولائی(اے پی پی):کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کا جلوس انتہائی عقیدت اور احترام سے نکالا گیا، 7 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کلان میکانگی روڈ سے دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوا ۔ جلوس مخصوص روٹ لیاقت بازار ، آرٹ اسکول روڈ ، آرچر روڈ اور میزان چوک سے واپس مغرب کے وقت میکانگی روڈ پہنچ کر ختم ہوا ۔ نواسہ رسول امام حسین اور ان کے جان نثار ساتھیوں کی عظیم شہادت ، اہلبیت کے مصائب اور مشکلات اور تاریخ کے سب سے المناک واقعہ کربلا کی یاد میں عزا دار تمام راستے نوحہ خوانی بھی کرتے رہے اور سینہ کوبی اور ماتم کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔

جلوس میں امام عالی مقام کے رہوار زوالجناح ، کربلا میں لشکر حسین کے سپہ سالار کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے علم عباس اور معرکہ کربلا کے سب سے کم عمر شہید کی یاد میں گہوارہ علی اصغر کی شبیہیں بھی جلوس میں شامل تھیں ۔

 جلوس کے روٹ پر پولیس ، بلوچستان کانسٹبلری ، لیویز اور  آر آر جی کے 2 ہزار سے زائدجوان تعینات رہے ۔ ایف سی جوان بھی جلوس کی سیکورٹی پر متعین رہے جبکہ جلوس کے روٹ پر کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے گئے تھے  ۔ کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر بھر کی سرویلین 800 سی سی ٹی وی سے بھی جاری رہے گی ۔ جلوس کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے کوئیک ریسپانس فورس کو 5 مقامات پر تعینات کیا گیا اور اسنائپر شوٹرز بھی عمارتوں پر الرٹ رہے جبکہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان آرمی کی 3 بٹالینز کو اسٹینڈ بائے رکھا گیا ہے ۔