کوہلو؛ تحصیل ماوند کے دو مختلف مقامات پر کھلی کچہری کا انعقاد

18

 

کوہلو،21 جولائی (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان کے ہدایات کی روشنی میں تحصیل ماوند کے دو مختلف مقامات پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔ فاضل چیل اور ماوند ٹاؤن میں منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں نے صحت ، تعلیم ،پینے کے صاف پانی کے سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر انتظامی محکموں کے خلاف شکایات کیں ۔ ڈپٹی کمشنر عقیل بلوچ نے بیشتر مسائل کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کر دیئے۔

 ڈپٹی کمشنر کوہلو عقیل بلوچ اور کمانڈنٹ میوند رائفلز بریگیڈ کرنل بابر خلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد لوگوں کے مسائل کو قریب سے جان کر ان کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائے جاسکیں ، دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں سرکاری تعلیمی اداروں ، مراکز صحت میں سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ کی حاضری کے لئے جامع پلان تشکیل دے رہے ہیں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر اساتذہ کی حاضری کا جائزہ لیا جائیگا ۔

 محکمہ صحت کے مراکز کی فعالیت اور ادویات کی بروقت فراہمی سے متعلق شہریوں کے شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ لوگوں کو دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت اور کوتاہی برتنے والا طبی عملہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے محکمہ صحت کے افسران تمام مراکز صحت کی فعالیت کو یقینی بنائیں جہاں جہاں ادویات کی قلت ہے فوری طور پر ادویات فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کا حکومتی اداروں پر سے مکمل اعتماد بحال ہو جائے ۔ دور افتادہ علاقوں کے رہائشیوں کو اب اپنے مسائل کے لئے ضلعی ہیڈکوارٹر نہیں آنا پڑے گا بلکہ انتظامی افسران وقتاً فوقتاً تمام علاقوں کا دورہ کریں گے جس سے سائلین کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہونگے۔

 کمانڈنٹ میوند رائفلز بریگیڈ کرنل بابر خلیل نے علاقے میں امن کی بحالی کوششوں میں علاقائی عمائدین اور لوگوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز کے ہمراہ عام آدمی کا بھی امن وامان کی برقرار صورتحال میں کلیدی کردار رہا ہے فورس اور عوام کے درمیان قائم دوستی کے اس رشتے کو مزید مستحکم کریں گے تاکہ ملکر ہر چیلنجرز کا بھرپور مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں دیر پا امن کی قیام علاقائی عمائدین اور عام لوگوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے ، جس طرح آپ عوام اپنے فورسز کے شانہ بشانہ ہیں اسی طرح پوری فورس آپ کے شانہ بشانہ ہر شعبے میں بڑھ چڑھ کر اپنی رضاکارانہ خدمات سرانجام دیتا رہے گا تاکہ علاقہ ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو۔