گلگت :پولیس فورس کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

18

گلگت۔3جولائی  (اے پی پی):وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرتر بیت اے ایس پیز کو تربیتی دورے پر گلگت بلتستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ آپ نے بنیادی طور پر لوگوں کو غلط کاموں سے روکنا اور ان کی اصلاح کرنا ہے ۔ مظلوموں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی داد ر سی آپ کے فرائض منصبی میں شامل ہے ۔ جس خلوص اور نیک جذبے سے آپ نے پولیس فورس میں اپنی کیریئر کا آغاز کیا ہے ، ایمانداری اور تمام وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اپنے فرائض منصبی ادا کریں تا کہ عوام کا پولیس فورس پر مزید اعتماد بڑھے ۔ گلگت بلتستان میں پولیس فورس کا عوام میں مثبت تشخص ہے ۔ گلگت بلتستان پولیس فورس کو مثالی پولیس فورس بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ پولیس کی کمی دور کرنے اور درکار وسائل کی فراہمی کیلئے حکومت گلگت بلتستان ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔

اس موقع پر نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اے ایس پیز نے مختلف سوالات کئے جن کا وزیر اعلی گلگت بلتستان صوبائی وزراء اور متعلقہ صوبائی سیکریٹریز نے تفصیلی جوابات دیے ۔