پشاور،27جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور تحریک منہاج القرآن کے راہنماء میجر خرم نواز گنڈاپور نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بالخصوص خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میجر خرم نواز گنڈاپور نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو آئینی منصب پر تعیناتی کی مبارک باد دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی، امن اور عوامی خوشحالی ان کا مشن ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس صوبہ کے مسائل کے حل میں وفاق اور صوبہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔
ملاقات میں تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا میں فروغ تعلیم اور دیگر رفاحی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تحریک کے دینی اور رفاحی کاموں کا دائرہ کار خیبرپختونخوا تک بڑھایا جائے۔
میجر خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی جماعتوں کو صوبہ کے حقوق کے لئے متحد کرنے کی کاوشیں لائق ستائش ہیں، گورنر خیبرپختونخوا کی صوبہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات خوش آئند ہیں۔