کراچی، 15 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کو پی ایس او کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پی ایس او کے منیجنگ ڈائریکٹر سید محمد طحہ سے ملاقات میں آئل ریفائنریز میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس موقع پر تیل کی ٹرانسپورٹیشن اور آئل ریفائنریز میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں درپیش مسائل اور ان کے حل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سی پیک مکمل ہونے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہوگا اور اس بارے پیشگی منصوبندی کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس او خیبر پختونخوامیں تیل کے نئے ذخائر کی تلاش پر توجہ مرکوز کر نی چاہیے۔
پاکستان سٹیٹ آئل کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اس موقع پر کہا کہ پی ایس او کے پاس ایک بڑی مارکیٹ ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا ادارہ خیبر پختونخوا میں تیل کے نئے ذخائر کی تلاش پر کام کر رہا ہے۔