گورنر فیصل کریم کنڈی سےاو جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات

36

اسلام آباد، 24 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے گورنر  فیصل کریم کنڈی نے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹراحمد حیات لک کے ساتھ ایک اسٹریٹجک ملاقات میں تیل اور گیس کی تلاش سے متاثرہ علاقوں میں کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا   ہے ۔

گورنر نے او جی ڈی سی ایل کے کامیاب تیل کی تلاش والے علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولیات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان علاقوں کی صوبے اور ملک کی توانائی کے وسائل میں اہم شراکت کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے ان قدرتی وسائل  کے براہ راست  ثمرات عوام کو پہنچانے کے لئے سرمایہ کاری کی حمایت کی۔ اس اقدام کا مقصد صحت اور تعلیمی ڈھانچے میں خلا کو ختم کرنا ہے تاکہ مقامی آبادی کو طویل مدتی فوائد حاصل ہوں۔

گورنر نے او جی ڈی سی ایل کی فنڈنگ سے شمسی توانائی کے نظام کا مطالبہ کیا۔اس اقدام سے پائیدار توانائی کے طریقوں کو فروغ ملنے، روایتی بجلی کے ذرائع پر انحصار کم کرنے اور کم مراعات یافتہ خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ اس اقدام سے خطے میں ماحولیاتی تحفظ  میں بھی مدد ملے گی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا کے رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی بھی موجود تھے۔