نیویارک ، 01 اگست (اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کی نئی جدید ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ نئی ویب سائٹ جدید ریسپانسیو ڈیزائن پر مشتمل ہے،جس میں 100 سے زیادہ زبانیں اور فوری ترجمہ کی سہولت موجود ہے جبکہ ویب سائٹ میں آرکائیو بھی ہے۔پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نےلانچ بٹن دبا کر پاکستان مشن کی نئی،جدید ویب سائٹ کا افتتاح کیا ۔
سفیر منیر اکرم نے کہا کہ نئی،صارف دوست ویب سائٹ اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے کام کو موثر طریقے سے پھیلانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے ڈیجیٹل اسپیسز (Digital Spaces)میں پیغام رسانی کے لئے جدید تکنیکی وسائل کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔
سفیر منیر اکرم نے سیگنس میڈیا کے سی ای او احمد ہاشم اور ان کی ٹیم کی تعریف کی جنہوں نے ویب سائٹ کو بلا معاوضہ تیار کرنے میں اپنی محنت اور لگن کا مظاہرہ کیا۔
اس سے قبل،احمد ہاشم نے مستقل مندوب کو ویب سائٹ کی اہم خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی۔نمائندہ عثمان جدون اور مشن کے دیگر افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔