ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے سڑکوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، کمشنر ڈیرہ غازی خان

15

ڈیرہ غازی خان، 02 اگست(اے پی پی): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے سڑکوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا،اس سے سڑکوں کی لائف  بڑ ھے گی اوربحالی کی لاگت میں بھی کمی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدا رت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سڑکوں کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری کے لیے ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم نافذ کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اوور لوڈڈ گاڑیاں سڑکیں خراب کرنے کا باعث بنتی ہیں جس سے بحالی کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔ کمشنر نے کہاکہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ ٹریفک پولیس اور متعلقہ ادارے گاڑی مالکان اور اسٹیک ہولڈرز کو اس حوالے سے بھرپور آگاہی دیں۔انہوں  نے کہاکہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کے مکمل اور شفاف نفاذ سے ہم نے اپنے ڈویژن کی اربوں روپے مالیت کی سڑکوں کی حفاظت کرنی ہے۔ ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے رعایت اور کرپشن کی شکایت کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت ٹریفک حکام اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔