کوئٹہ، 05 اگست (اے پی پی):صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر کی زیر صدارت بلوچستان سوشیو اکنامک ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں شامل روڈ سیکٹر منصوبوں پر پیش رفت کا پہلا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں روڈ سیکٹر کے تمام منصوبوں پر پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے منصوبوں کو منظور شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے اور بلوچستان سوشیو اکنامک ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے فیز ٹوکی تیاری کے لیے بھی ہدایات دیں۔
اجلاس کو صوبے میں جاری روڈ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو اپنے مالی سال کے اندر وقت مقررہ یا اس سے بھی پہلے مکمل کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے ۔
اجلاس میں پراجیکٹ کوآرڈینیٹر بلوچستان سوشیو اکنامک ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شہزاد حسن جعفر،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ قاسم کاکڑ، چیف انجینئر روڈز خضدار زون اقبال کاسی، ٹیکنیکل ایڈوائزر مختیار احمد کاکڑ اور ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل راجہ نعمت کے علاوہ ضلعی انجینئر آفیسران اور محکمہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔