لاہور،7 اگست(اے پی پی): جشن آزادی صدر پاکستان آصف علی زرداری اسپورٹس سائیکل ریلی بدھ کو گورنر ہائوس لاہور پہنچ گئی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ریلی کا استقبال کیا۔
اس موقع پرپی پی پی رہنما اورکارکنان و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔سائیکل ریلی قصور دربار حضرت بابا بلھے شاہ سے شروع ہوئی۔ ریلی کا افتتاح سٹی صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری اشفاق نے کیا،ریلی 2 بجے دوپہر گورنر ہائوس لاہور پہنچی جس کی قیادت کوچ صابر علی قصوری اور منیجر شیخ عاصم کر رہے تھے، ریلی کے کپتان اللہ دتہ بھٹی اور دیگر سائیکلسٹ میں قاسم،محمد نوید،رحمت علی، اکبر علی فوجی، محمد شفیق، غلام مصطفیٰ، محمد اکرم، حبیب اللہ اور امجد علی شامل ہیں۔
سائیکل ریلی رات کو گورنر ہائوس میں قیام کے بعد بروزجمعرات بجے صبح شیراں والا باغ گوجرانوالہ روانہ ہوگی۔9اگست کو 9 بجے صبح گوجرانوالہ سے لالہ موسیٰ پہنچے گی اورگجرات میں قیام ہو گا۔ 10اگست کو ریلی لالہ موسیٰ گجرات سے روانہ ہو کر 1 بجے دوپہر جہلم چوک اور 11 اگست کو جہلم چوک سے روانہ ہو کر 1 بجے دوپہر تحصیل آفس گوجرخان پہنچے گی۔12اگست کوتحصیل آفس گوجر خان سے ریلی روانہ ہو کر 1 بجے دوپہر جائے شہادت محترمہ بینظیر بھٹو لیاقت باغ راولپنڈی اور13 اگست کو ریلی مسلسل سفر کرتے ہوئے 1 بجے دوپہر جناح اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد پہنچے گی۔ جشن آزادی صدر پاکستان آصف علی زرداری اسپورٹس سائیکل ریلی کی سرپرستی پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ کریں گے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے ریلی کا استقبال کیا ، حوصلہ افزائی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنرہائوس کے دروازے عام عوام کے لیے کھلے اور کارکنان پیپلزپارٹی کا سرمایہ ہیں ۔ ہم اپنے سرمایہ کی حفاظت کریں گے’پیپلز پارٹی اسپورٹس ونگ کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کر دا ر ادا کر رہا ہے، کوچ صابر علی اور منیجر شیخ عاصم بہت عرصے سے اس سائیکل ریلی کا انعقاد کر وا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سال 2006ء میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بھی اس ریلی کا نوڈیرو میں استقبال کیا تھا’یہ ریلی بھی اسی کا تسلسل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریلی کے آرگنائزر زکو ریلی کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، ریلی کے انعقاد سے کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ کارکن پیپلزپارٹی کا سرمایہ ہیں ‘یہ لوگ بغیر کسی مفاد اور لالچ کے پارٹی پرچم کو غیر متزل طریقے سے اٹھائے ہوئے ہیں، انہوں نے قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریہ کی حفاظت کے لیے اپنی زندگیاں پی پی پی کے لیے وقف کر دی ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ میں خود ایک مڈل کلاس گھرانے سے تعلق رکھتا اورکارکنوں کو درپیش مسائل کا بخوبی ادراک رکھتا ہوں ‘کارکنان کو درپیش مسائل کا ازالہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے کارکنان کو عزت دی اور جب بھی موقع ملا ان کے مسائل کو حل کیا ،یہی وجہ کہ یہ لوگ آج بھی غیر متزلزل اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہائوس کے دروازے عام عوام کے لیے کھلے اورپی پی پی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پرریلی کے شرکاء نے گورنر پنجاب کومعروف صوفی بزرگ بابا بھلے شاہ کے دربار کی چادر پیش کی ۔