گھوٹکی،06 اگست (اے پی پی ): وزیراعلی سندھ کے مقرر کردہ رین ایمرجنسی ضلع گھوٹکی کے فوکل پرسن، وزیرزراعت، اینٹی کرپشن، کھیل امور نوجوانان سردارمحمدبخش خان مہر نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے لئے سندھ بھر میں رین ایمرجنسی لگائی گئی ہے، ممکنہ بارشوں کے دوران شہری اور بارانی علاقوں سے فوری طور پر پانی نکاسی کیا جائے، کوتاہی اور غفلت برتنے والے عملداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، عوام خود کو اکیلا ہر گز نہ سمجھے، سندھ حکومت عوام کو رلیف فراہم کرنے کے لئے اقدام کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں میرپور ماتھیلو میں مون سون بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ بھر میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ریسکیو اور دیگر عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مختلف شہروں میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں کھڑے پانی کے نکاسی کے لئے فورن اقدام کئے جا رہے ہیں۔
محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے علاوہ مچھر مار مہم شروع کی جائے، سندھ حکومت ہر مشکل گھڑی میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
صوبائی وزیر سردار محمد بخش مہر نے یوم استحصال کمشیر کے حوالے سے نکالی گئی ریلی میں ڈی سی گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی، ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیر نور چنہ، میونسپل کمیٹی گھوٹکی کے چیئرمین جام آصف رزاق دھاریجو،ٹاؤن کمیٹی خانگڑہ کے چیئرمین عبدالرزاق خان مہر، اسسٹنٹ کمشنرز، تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، زراعت، روڈز، محکمہ تعلیم ورکس کے افسران سمیت دیگر متعلقہ عملداروں نے شرکت کی۔