حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی خصوصی شرکت

15

 لاہور، 2 اگست (اے پی پی): لاہور میں تاریخی مال روڈ پر مسجد شہدا کے باہر حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ غائبانہ نماز جنازہ میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خصوصی شرکت  کی۔  غائبانہ نماز جنازہ میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں غائبانہ نماز جنازہ  کے موقع پر مسجد عمر بن عبدالوہاب دوحہ قطر میں ہونیوالی نماز جنازہ بھی براہ راست دکھائی گئی۔ عام شہریوں کی کثیر تعداد نے غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کرکے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔

شرکاء نے مظلوم فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے فلسطین کے جھنڈے اُٹھا رکھے تھے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ روز حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کو تہران میں شہید کر دیا تھا۔ کل اسماعیل ہانیہ کی نماز جنازہ تہران میں ادا کی گئی جبکہ آج ان کی نماز جنازہ دوحہ قطر میں ادا کرنے کے بعد ان کی تدفین دوحہ میں ہی کردی گئی۔

بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عظیم فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کو بیدردی سے شہید کیاگیا۔ پوری دنیا میں ایک ہی ملک ہے اور چھوٹا سا ملک ہے جس کی دہشت گردی کی وجہ سے پوری اسلامی دنیا پریشان ہے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلامی ممالک کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ اس سے جنگ کریں، لیکن اسلامی ممالک آپس میں اتحاد کے بہت سارے معاملات میں اسے بے بس کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس ملک کو اللہ نے ایسا لیڈر دیا تھاجس نے اسلامی دنیا کو اکٹھا کیا ، اسلامی ممالک کے سربراہان کو پاکستان بلایا اور اسلامی بلاک بنانے کی کوشش کی۔ لیکن اسے ایک سازش کے تحت ہم سے جدا کر دیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آگر ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو اسلامی دنیا کی یہ حالت نہ ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ سپر پاورز کی جگہ اللہ تعالی پر توکل کریں تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔