اسلام آباد،8اگست( اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ حکومت شراکت داروں کے تعاون سے 2030 تک وائرل ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
جمعرات کو ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعظم کے ہیپاٹائیٹس سی کے خاتمے کا پروگرام 68 ارب کی خطیر رقم سے شروع کیا گیا ہے، اس پروگرام کے تحت بارہ سال سے زائد عمر کی آبادی کی وسیع پیمانے پر سکریننگ کی جائے گی اور مثبت آنے والے مریضوں کا ٹیسٹ اور مفت علاج کیا جائے گا۔
ڈاکٹر مختار نے مزید بتایا کہ اس بیماری کی کیفیت جاننے کا واحد طریقہ ٹیسٹ کروانا ہے اور پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کا انتہائی موثر علاج موجود ہے۔