اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لئے کوشاں ہے، دور دراز علاقوں میں تیز تر موبائل انٹر نیٹ کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز وی آن گروپ سر برینڈن لیوس کی قیادت میں وی آن گروپ/جیز کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ڈیجیٹل نیشنل سمٹ میں شرکت کرنے پر وی آن گروپ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لئے کوشاں ہے ، ملک کے دور دراز علاقوں میں تیز تر موبائل انٹر نیٹ کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وی آن/جیز گروپ نے پاکستانی معیشت میں مثبت کردار ادا کیا ہے ، پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے اور روابط بڑھانے میں وی آن/جیز گروپ کا کردار انتہائی اہم رہا ہے ۔
وفد نے ڈیجیٹل پاکستان انیشیٹو میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے پاکستانی معیشت کو کیش لیس بنانے اور ڈیجیٹائز کرنے کے وزیراعظم کے وژن کو سراہا ۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔