رحیم یار خان،02 اگست (اے پی پی) عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اشیاء روزمرہ کی قیمتوں ، نرخ ناموں ، صفائی و سیوریج اور فیملی پارکس کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے گرانفروشی اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کئے،اور ایک دکاندار کو موقع پر گرفتار کرتے ہوئے جیل روانہ کر دیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے کہا کہ گرانفروشی ، ناپ تول میں کمی اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شہری خریداری کے وقت سرکاری نرخ نامے دکاندار سے طلب کریں،سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور گرانفروشی کے مرتکب دکانداروں کی شکایات حکومت پنجاب کی ” قیمت ایپ ” پر درج کرائیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کا معاشی استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے جیل روڈ ، چرچ روڈ ، جناح پارک میں صفائی و سیوریج مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو بہترین میونسپل سروسز فراہمی کے لیے گنجان آباد علاقوں میں تعینات عملہ صفائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میونسپل حکام شاہرائوں ، نہر کناروں پر ملبہ پھینکنے سے اجتناب کرے۔ شہریوں کی جانب سے صفائی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے ۔ میونسپل حکام شہر کے فیملی و چلڈرن پارکس کی صفائی اور لائٹس بحالی پر خصوصی توجہ دیں۔