ساہیوال؛یوم شہداء پولیس کے موقع پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب،فاتحہ خوانی کی گئی

32

ساہیوال،04اگست ( اے پی پی ) : یوم شہداء پولیس کے موقع پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے شرکاء کی جانب سے پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید،آرپی او محبوب رشید،ڈپٹی کمشنر صائمہ علی،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈی پی او فیصل شہزاد سمیت ایم پی ایز،پولیس افسران،سول سوسائٹی،انجمن تاجران،علما کرام،صحافی اور شہدا کی فیملیز کی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء ہمارے ہیرو ہیں،قابل رشک ہیں وہ خاندان جن کے سپوتوں نے وطن عزیز کی حفاظت میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان نافذ کرنے کے لیے  اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کے خاندان ہمارے لئے قابل قدر ہیں انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔امن اور قوموں کی سلامتی شہداء کے خون کے باعث ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ملک قاسم ندیم نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ہمیں ان پر ناز ہے۔انہوں نے کہا کہ فورسز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور امن کے قیام کے لئے پوری قوم فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

آرپی او محبوب رشید نے کہا ک کہ پولیس سمیت پوری قوم شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم شہداء پولیس کے موقع پر ملک دشمن عناصر دہشت گردی کے نتیجے میں دھرتی کے ان سپوتوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اس راہ پر چلنے کے لیےبھرپور جذبے ،دیانت اور پیشہ وارانہ اہلیت کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا ان کے خاندان اور پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔انہوں نےکہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کی بدولت آج ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

تقریب میں سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور یوم شہداء پولیس کی مناسبت سے ٹیبلوز پیش کئے۔