سرگودھا، 01 اگست (اے پی پی):سرگودھا ڈویژن میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے اپنے دفتر کے سبزہ زار میں انجیر(Ficus) کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت محکمہ جنگلات 3 لاکھ،دوسرے محکمے 2 لاکھ جبکہ دعوتِ اسلامی کے کارکنان ایک لاکھ 10 ہزار پودے لگائیں گے۔
کمشنر سرگودھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہاکہ موجودہ موسمی حالات سے بچاؤ کا بہترین ذریعہ درخت لگانا ہے،شہری پودے لگانے کے ساتھ تناور درخت بننے تک حفاظت یقینی بنائیں اور کہا کہ ہر فرد پودا لگا کر اس جشن آزادی پر وطن سے محبت کا اظہار کرے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان،ڈویژنل آفیسر جنگلات مہر محمد آصف،دعوت اسلامی کے مولانا عادل عطاری اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔