سیالکوٹ،2اگست (اے پی پی):نائب صدر ایس سی سی آئی عامر مجید شیخ کی زیر صدارت سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان سنگل ونڈو کے زیر اہتمام برآمد کنندگان کے لیے ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکٹرانک سرٹیفیکیٹ اوریجن حاصل کرنے کے لیے بریفنگ دی گئی۔ ٹریننگ سیشن میں سیالکوٹ کی تاجر برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ٹی ڈی اے ی ڈومین آفس شہریارکمال نے سیشن میں موجود شرکاء کو بریف کرتے ہوئے الیکٹرانک سرٹیفیکیٹ اوریجن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک کے ساتھ یک طرفہ،دو طرفہ اور ملٹی لیٹرل معاہدے ہوتے ہیں جن معاہدوں کے تحت مختلف ممالک سے تجارت کی جاتی ہے،ان ممالک سے تجارت کو آسان بنانے کے لیے پاکستان سنگل ونڈو نے الیکٹرانک سرٹیفیکیٹ اوریجن کا اجراء کیا ہے تاکہ ملکی معیشت کو بڑھایا جا سکے۔
شہریارکمال نے بتایا کہ الیکٹرانک سرٹیفیکیٹ اوریجن کے اجراء کا مقصد سیالکوٹ سمیت پاکستان بھر کی تاجر برادری کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے کیونکہ ایکسپورٹرز کو لائسنس کے حصول کے لیے 70 سے زائد محکموں کو مطمئن کرنا پڑتا تھا جو کہ ایک مشکل عمل اور دیرپا عمل تھا اس کو آسان اور تیز بنانے کے لیے پاکستان سنگل ونڈو کی مدد سے الیکٹرانک سرٹیفیکیٹ اوریجن کا اجراء کیا گیا ہے کیونکہ تاجر برادری کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے درخواست گزار الیکٹرانک سرٹیفیکیٹ اوریجن کے لیے درخواست بھیجے گا تو 10 منٹ میں درخواست پر ضروری کارروائی کے بعد درخواست گزار کو فورا واپس بھیج دی جائے گی۔
ٹریننگ سیشن میں ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز ڈومین آفس محمد عاصم اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کا ملک معیشت میں اہم کردار ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، الیکٹرانک سرٹیفیکیٹ اوریجن کا اجراء برآمد کنندگان کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، پی ایس ڈبلیو نے تاجروں کی مشکلات کو حل کرنے اور ملکی معیشت کو بڑھانے کے لیے ایک احسن قدم ہے۔