سی پیک نے ترقیاتی شعبے میں پاک چین  دوستی اور تعاون کو نئی بلندی تک پہنچایا ہے؛ احسن اقبال

20

اسلام آباد، 02 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی دوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کا گہراتعلق ہے، چین پاکستان اقتصادی راہدری (سی پیک)نے ترقیاتی شعبے میں ہماری دوستی اور تعاون کو ایک نئی بلندی تک پہنچایا ہے ۔

  چائنا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام “نئے دور میں چین کی گہری اصلاحات سے پیدا ہونے والے عالمی مواقع” کے موضوع پر پلاننگ کمیشن میں منعقدہ گلوبل ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اب پاکستان اور چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جو سی پیک کا اپ گریڈڈ ورژن ہے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ اس میں 5 نئے کوریڈورز کا آغاز کیا جائے گا جن میں ترقی کا کوریڈور، ذریعہ معاش کا کوریڈور،جدت کا کوریڈور، گرین اکانومی کا کوریڈور اور وسعت وشمولیت پر مبنی علاقائی تعاون کا کو ریڈور شامل ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان پانچ کوریڈورز کے ذریعے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ پورے خطے کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال  نے کہا کہ  حال ہی میں منعقد ہونے والے سی پی سی کی بیسویں مرکزی کمیٹی کےتیسرے کل رکنی اجلاس میں چین کی ترقی کیلئے ایک نیا خاکہ پیش کیا گیاہے جس کے تحت چین کی قیادت نے چینی صدر شی جن پنگ کی محرک صدارت میں اصلاحات کو مزید گہرا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر چین کی معیشت کو مزید وسعت دینے کا عزم بھی کیا گیا ہے تاکہ چین ترقی کی مزید منازل طے کر سکے۔