ساہیوال،7اگست(اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے ڈبل شفٹ میں کام کیا جائے، وسائل کے ضیاع کو روکنے کے لئے افسران ذاتی طور پر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کے عمل کو موثر بنائیں۔ شہر میں سڑکوں پر بلا اجازت شامیانے لگانے اور سڑکوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں جاری پسپ پروگرام پر کام کی رفتار کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیاز احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے محکموں کے ترقیاتی پروگراموں سے متعلق بریفنگ دی۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ شہر میں جاری نئی سیوریج لائنوں کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کے لئے ڈبل شفٹ میں کام کیا جائے اور مشینوں کی تعداد بڑھائی جائے۔ شہر میں ترقیاتی کام کی وجہ سے سڑکوں پر پڑے میٹریل کو فوراً ہٹایا جانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ سمیت شہر میں خراب سٹریٹ لائٹس کو فوراً تبدیل کیا جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جہاں سیوک سروسز کی فراہمی بہتر ہوگی وہیں لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ ہمیں شہریوں کی سہولت اور آسانی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھانے ہیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے چوراہوں اور سڑکوں سے بلااجازت لگائے گئے اشتہاری میٹریل کوفوراً ہٹایا جائے۔ شہر میں پرائیویٹ سیکٹر میں ہونے والی تعمیر کے لئے جن لوگوں نے تعمیراتی میٹریل سڑکوں پر رکھا ہے ان سے اس کا کرایہ وصول کیا جائے۔