صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیرذادہ کا دورہ ملتان ، سیلاب کی متوقع صورتحال اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

14

ملتان، 07اگست (اے پی پی ): صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیرذادہ  نے  ملتان کا  دورہ کیا اور چیف انجینئر محکمہ انہار کے آفس میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی کو دریاؤں میں پانی کی صورتحال اور متوقع سیلاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سیلاب کی متوقع صورتحال اور انتظامات کا  تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر آبپاشی  نے تمام انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں محکمہ انہار میں جاری ترقیاتی کاموں اور پانی چوری کی روک تھام کا بھی جائزہ لیا گیا اور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ،  موک ایکسرسائزز کرلیں گئی ہیں  اور امدادی کیمپس لگائے گئے ہیں۔

 صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب میاں کاظم علی پیرذادہ نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب کے پیش نظر تمام انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  حکومت پنجاب کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے، متوقع سیلاب کے پیش نظر تمام انتظامات برقت مکمل ہونے چاہئیں، لوگوں کو بروقت تمام سہولیات پہنچائی جائیں،محکمہ انہار کے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے اس موقع پر کہا کہ دریائے سندھ اور چناب میں متوقع سیلاب کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں  کو  زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، نہروں کے اطراف زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے،شجرکاری مہم کو قومی جزبہ سے کیا جائے، محکمہ کے اثاثوں کی حفاظت کی جائے.،اثاثوں کی بحالی کے لئے تعمیر و مرمت کا کام کیا جائے.۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اپنی ترجیحات بنائی جائیں،محکمہ انہار کی اراضی سے تجاوزات کاخاتمہ کیا جائے۔

اجلاس میں چیف انجینئر محکمہ انہار ملتان زون محمد اشرف بھٹی،سمیت پنجاب بھر کے محکمہ انہار کے چیف انجینئرز  اور دیگر افسران  نے بھی  شرکت کی۔