فلسطین اور کشمیر کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف خاموش رہنا بھی جرم ہے، رکن قومی اسمبلی سحر کامران

15

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی ):رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ  فلسطین اور کشمیر کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف خاموش رہنا بھی جرم ہے، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے تکمیل پاکستان کا ایجنڈا مکمل ہو گا۔

پیر کو ”اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کی اہمیت کا ہمیں ادراک ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے بنیادی منشور میں مسئلہ کشمیر شامل ہے، پیپلز پارٹی نے اس معاملہ پر کہا کہ ہمیں ہزاروں سال جنگ لڑنی پڑے تو لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے اس پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، ہمیں مسئلہ کشمیر کو تمام سیاسی و سفارتی فورم پر اٹھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطین اور کشمیر کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف خاموش رہنا بھی جرم ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے تکمیل پاکستان کا ایجنڈا مکمل ہو گا۔