فلم، سٹیج، ٹی وی کے نامور اداکار سردار کمال انتقال پاگئے، نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کردی گئی

16

فیصل آباد،01 اگست (اے پی پی):فلم، سٹیج، ٹی وی کے نامور اداکار سردار کمال کی نماز جنازہ جمعرات کو جامعہ مسجد مدنی بٹالہ کالونی فیصل آباد  میں ادا کر دی گئی جو گزشتہ روز58 سال کی عمرمیں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے  ۔

نماز جنازہ میں فلم سٹیج ٹی وی کے نامور فنکاروں ناصر چنیوٹی، نسیم وکی، آغا ماجد، اکرم اداس، سلیم البیلا، سخاوت ناز، ہنی البیلا، قیصر پیا، تسلیم عباس، مرزا ایوب، ارشد، رانا اعجاز کے علاوہ  ملک کے مشہور یو ٹیوبر ز، سیاسی و سماجی شخصیات اور مداحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 سردار کمال مرحوم نے پسماندگان میں ایک بیوہ،2بیٹے، ایک بیٹی اورہزاروں دوست احباب سوگوار چھوڑے ہیں۔سردار کمال چک 76 گ ب آف گجراں ستیانہ روڈ فیصل آباد کے مستقل رہائشی جبکہ بسلسلہ روزگاراقبال ٹاؤن لاہور میں مقیم تھے۔ ان کے ایک صاحبزادے روزگار کے ضمن میں انگلینڈ میں مقیم ہیں۔مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق سردار کمال کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

سردار کمال نے درجنوں فلموں، ٹی وی اورسٹیج ڈراموں میں کام کرکے خوب شہرت حاصل کی۔مرحوم سردار کمال انتہائی ملنسار شخصیت ہونے کی وجہ سے ہر شخص کے قریب تھے۔ سردار کمال نے1985 میں اپنے فنی کیریئر کا آغازکیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔مرحوم ہمیشہ چھوٹے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے۔انہوں نے کئی فلمیں کیں مگر جو پذیرائی انہیں سید نورکی فلم چوڑیاں سے حاصل ہوئی اس نے انہیں بام عروج پر پہنچا دیا۔ اتنی شہرت پا لینے کے باوجود بھی طبیعت منکسرالمزاج ہی رہی۔وہ متعدد نجی چینلز پر بھی مزاحیہ پروگرامز میں جان محفل رہے۔