فیصل آباد،05 اگست (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا، یوم استحصال کشمیراس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی سیمینارمیونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔رکن صوبائی اسمبلی قدسیہ بتول کے علاوہ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز احمد سلیم چشتی،اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصل احمد،ایڈمن آفیسرریاض حسین انجم،محمد صادق،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران،پولیس افسران، اساتذہ،طالب علم اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔
تقریب کے دوران پاکستان اور آزادجموں کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا۔ کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پربے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے،کشمیر ی عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔انہوں نے کشمیریوں پربھارتی ظلم وتشدد کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور بڑی ریلی کاانعقاد کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کااظہار ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی قدسیہ بتول نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب ایک المیہ سے بڑھ کر انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا خاموش لیکن پاکستان پوری طاقت سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اورکھڑا رہے گا۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر آج اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔
دیگر مقررین نے کہا کہ ظلم کے بادل چھٹنے کو ہیں اور کشمیری بھائیوں کی لازوال قربانیاں عنقریب رنگ لانے والی ہیں،کشمیریوں کے جذبہ حریت کو بھارتی مظالم کی وجہ سے مزید تقویت ملی ہے۔
اس موقع پرریلی بھی نکالی گئی۔شرکاء ریلی نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی حمایت سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف دو ٹوک اور اٹل ہے کشمیر کی آزادی کے علاوہ کسی بات پر سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔
اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مختلف سیاسی،مذہبی وکاروباری اوراین جی اوز کی طرف سے احتجاجی ریلیوں میں بھارتی ظلم کے خلاف آواز بلند کی گئی۔