قومی اسمبلی نے انتخابات (دوسری ترمیم) بل 2024ء کی منظوری دے دی ہے؛ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

9

اسلام آباد، 06اگست(اے پی پی ):پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے  کہا  ہے کہ قومی اسمبلی نے انتخابات (دوسری ترمیم) بل 2024ء کی منظوری دے دی ہے   جبکہ  اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں مزید ترامیم  کی جا رہی ہیں۔

 منگل  کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں 2018 کے بعد نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دیا گیا جس سے سیاست میں ہنگامہ آرائی اور افراتفری پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ قوم میں اتحاد پیدا کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی اولین ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے ملک میں سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند تھے لیکن اس کے لیے ملک میں سازگار سیاسی ماحول کی ضرورت ہے۔