کراچی،یکم اگست (اے پی پی ):ایل ایم کے ٹی اور آربٹ سٹارٹ اپس کے تعاون سے لکی لینڈ مارک کو وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام اور اگنائٹ کی طرف سے اگلے پانچ سالوں کے لیے نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی کے انتظام حوالے کیا گیا ہے ۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کراچی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اگنائٹ عدیل اعجاز شیخ، وائی بی جی کے علی سہیل ٹبہ، این آئی سی کراچی کے سید اظفر حسین اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی این آئی سی کراچی کو اس کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگنائٹ کے تعاون سے جلد ہی ایک گیمنگ سنٹر بھی قائم کیا جائے گا۔
اگنائٹ کے سی ای او عدیل شیخ نے کہا کہ قابل اعتماد شراکت داروں کے ساتھ مزید پانچ سال تک ہماری شراکت داری کو جاری رکھنا شاندار ہے۔ہم صنعتی آٹومیشن، فن ٹیک، سائبر سیکیورٹی، اور خواتین کی زیر قیادت منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے والے مزید اسٹارٹ اپس کا مشاہدہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان کے اختراعی منظرنامے کو مزید مضبوط کریں گے۔