معاشی استحکام کےلئے اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے؛ سینیٹر محمد اسحاق ڈار

9

اسلام آباد، یکم اگست (اے پی پی ): نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی ترقی  اور استحکام کی طرف  گامزن ہے، محدود وسائل کے باوجو ترقیاتی منصوبوں  پر کام ہو رہا ہے، معاشی استحکام کےلئے اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے۔

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج  کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی  ہیڈ آفس بلڈنگ  کے سنگ بنیاد کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق  ڈار نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر قیادت  حکومت باہمی  تجارت کی پالیسی  پر گامزن ہے، ملکی برآمدات کا فروغ حکومت  کابنیادی ایجنڈا ہے، پاکستان سٹاک مارکیٹ خطے میں سب سے  بہتر جارہی ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی  کے لئے مواقع موجود ہیں، ہم ہر قسم کے چیلنجزکا سامنا کررہے ہیں، صرف رکاوٹیں  دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر قیادت  حکومت باہمی  تجارت کی پالیسی  پر گامزن ہے، ملکی برآمدات کا فروغ حکومت  کابنیادی ایجنڈا ہے، پاکستان سٹاک مارکیٹ خطے میں سب سے  بہتر جارہی ہے۔

 نائب وزیراعظم نے کہا کہ  دوطرفہ اور بیرونی ممالک سے تجارت  کا فروغ ہماری توجہ کا محور ہے، موجودہ حکومت  نے ملک کو دیوالیہ  ہونے سے بچایا، مایوسی پھیلانے والے سن لیں  پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پوری توجہ معاشی اصلاحات  اور تجارت کے فروغ پر ہے، ملکی برآمدات کا فروغ ہماری حکومت  بنیادی ایجنڈا ہے۔

 نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سکیورٹیزاینڈ ایکسچینج  کمیشن  (ایس ای سی پی)ہیڈ آفس بلڈنگ کی تعمیر مقررہ مدت میں کی جائے گی،  اس  عمارت کے لیے پلاٹ کی منظوری  2017 میں ہماری اس وقت کی حکومت نے  دی تھی، عمارت کی تعمیر میں مزید تاخیر نہیں کی جائے گی۔

 نائب و زیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے 2016 کے دور میں ملک کی تینوں سٹاک مارکیٹس کو ضم کیا گیا، 2013 سے 2017 کے دوران اس حوالے سے قوانین میں اصلاحات کی گئیں۔

تقریب میں نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب، چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید  اور دیگر کے ہمراہ ایس ای سی پی ہیڈ آفس بلڈنگ کے سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی۔