ملتان؛صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی نے پنج کھوہ میں محکمہ انہار کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا

28

ملتان،08اگست(اے پی پی):صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیرزادہ نے سیکرٹری حکومت پنجاب محکمہ آبپاشی ڈاکٹر واصف خورشید کے ہمراہ پنج کھوہ ریسٹ ہاوس محکمہ انہار کا دورہ کیا ، صوبائی وزیر نے ریسٹ ہاوس کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی کو ریسٹ ہاوس کی نئی عمارت کے پلان اور رہائشی کالونی کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر آبپاشی نے تعمیراتی کام کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیرذادہ اور سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر واصف خورشید نے زیر تعمیر مسجد کے کام کا بھی جائزہ لیا اور چیف انجینئر محکمہ انہار ملتان زون محمد اشرف بھٹی و دیگر افسران کے ہمراہ پودے بھی لگائے۔

  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیرزادہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شجر کاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، موجودہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر پودے لگانا انتہائی ضروری ہیں، کوشش کی جائے کہ مقامی اقسام کے پودے ہی لگائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو خوشگوار، صاف ستھرا اور سرسبز وشاداب ماحول فراہم کرنا ہے۔

 بعد ازاں صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیرزادہ نے ایک تقریب میں محکمہ انہار کے افسران میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔