ملتان؛ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو نہری پانی کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبائی وزیر میاں کاظم علی پیرزادہ 

18

ملتان، 07 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب میاں کاظم علی پیرزادہ  نے چیف انجینئر محکمہ انہار کے آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو نہری پانی کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی  ہے، پہلی مرتبہ ٹیل کے کاشتکاروں تک نہری پانی پہنچایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی اور فلاح بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ نہری پانی کی چوری روکنے کے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں، نہروں کے اطراف بھرپور شجرکاری کی جائے گی۔  محکمہ انہار کے تمام اثاثوں کا ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے، تمام اثاثوں کی حفاظت کی جائے گی، محکمہ انہار کی اراضی سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، اگر محکمہ انہار کی ایک انچ اراضی پر قبضہ ہوا تو متعلقہ جیف انجینئر ذمہ دار ہو گا۔

 صوبائی وزیر آبپاشی نے مزید کہا کہ محکمہ انہار کے 100 سال پرانے نظام کو کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔ جس پر محکمہ انہار کی کاوشیں قابل تحسین ہیں. نہروں کی بھل صفائی مہم کو تھرڈ پارٹی نے چیک کیا اور بہترین قرار دیا۔ نہروں میں سیوریج کے پانی کو ڈالنے کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔