ملتان ؛یوم شہداء پولیس پر شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں

15

ملتان ،04 اگست  (اے پی پی ): یوم شہداء پولیس کی مناسبت سے شہدائے پولیس کو  خراج عقیدت پیش کرنے  کیلئے ایس پی چوک، گھنٹہ گھر چوک اور سیداں والا بائی پاس پر شہدائے پولیس کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

ایس ایس پی آپریشنز ملتان ارسلان زاہد، سی ٹی او ملتان جلیل عمران خان، ایس پی سٹی ڈویژن حسن رضا کھاکھی، ایس پی گلگشت سیف اللہ، ڈی ایس پی سید اظہر گیلانی، اے ایس پی کینٹ طیب وزیر، ڈی ایس پی ٹریفک اور دیگر افسران نے شمعیں جلا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

 ایس ایس پی آپریشنز  ارسلان زاہد نے کہا کہ شہدائے پولیس نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

اس موقع پر پولیس افسران کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کے اہل خانہ ہماری ذمہ داری ہیں ہم آج شہدائے پولیس کی قربانیوں کی یاد میں اکٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے قربانیوں کی لمبی داستان رقم کرکے ہمارے آج اور کل کو محفوظ بنایا ،شہیدو ہم تمہارا قرض نہیں اتار سکتے لیکن ہم تمہارے نقش قدم پر چل رہے ہیں ،سلام تم پر سلام تمہاری بہادری اور شجاعت پر، سلام شہدائے پولیس کی عظیم ماؤں پر،

ہم تو مٹ جائیں گے اے ارض وطن، تم کو رہنا ہے قیامت کی سحر ہونے تک