کوئٹہ، 07اگست(اے پی پی ):میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق پانیز ئی نے کہا ہے کہ77واں جشن آزادی پورے جوش خروش سے منایا جائے گا،پاکستان کے لئے ہمارے آباو اجداد نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، ملک کی حفاظت، سلامتی اور امن کے لئے نوجوانوں سمیت سب کو کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی یونیورسٹی کی جانب سے سول ہسپتال میں بچوں کے وارڈ میں جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،اس موقع پر رجسٹرار الحمد یونیورسٹی عروا جاوید نے بھی تقریب سے خطاب کیا، تقریب میں بچوں کی بڑی تعداد اور ان کے والدین نے بھی شرکت کی.
ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق پانیز ئی نے کہا کہ بیمار بچوں کو تقریب میں شامل کرنے سے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالاہوں گی،اس ملک کے لیے ہمارے بزرگوں نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں جس کی وجہ سے ہم ایک آزادفضا میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو متحد ہوکرامن،اخوت،محبت کے درس کو عام کرنے کا عہد اور آنے والے نسلوں کے لیے اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے روشناس کروانا ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار الحمد یونیورسٹی عرواجاوید نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے،14اگست پاکستانی قوم کے لیے اتحاد اور اتفاق کا دن ہے پوری قوم اس عظیم نعمت پر فخر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیوں میں بڑوں کے ساتھ بچوں کو شریک کرنا باعث مسرت ہے،رواں سال خصوصی طور پر جشن آزادی میں مریض بچوں کو شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا اور بچوں کو تحائف بھی دیئے گئے۔