نسٹ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے محققین اور اختراع کاروں کو ایوارڈز سے نواز دیا

14

اسلام آباد،7اگست(اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے بدھ  کو اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محققین اور اختراع کاروں کو بہترین محقق ، بیسٹ ریسرچ اینڈانوویٹر ایوارڈز(بی آر اے آئی این) سے نوازا۔ ایوارڈز حاصل کرنے والوں نے تعلیمی سال 2022-23 کے دوران قومی اور بین الاقوامی فنڈنگ حاصل کرنے، جدید تحقیق کرنے، اعلیٰ معیار کی اشاعتیں تیار کرنے اور مؤثر ایجادات بنانے میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور 108 مختلف کیٹیگریز میں 80 ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات اور اسناد پیش کیں۔ یونیورسٹی کے بہترین محقق اور اختراعی ایوارڈز ڈاکٹر محمد نعمان اسلم ،  ڈاکٹر حیدر عباس، ڈاکٹر غلام علی، ڈاکٹر نجم الدین باقرے ایولا، ڈاکٹر عثمان لیاقت، ڈاکٹر منظر سہیل، ڈاکٹر فیصل جمیل اور ڈاکٹر فیصل امجد کو ملے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ نسٹ کے لیے جشن اور فتح کا لمحہ ہے۔ بہترین ذہنوں کی پرورش، سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے اور پاکستان میں تکنیکی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے ایوارڈ ہولڈرز اور فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ ملک میں انسانی ترقی کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔